دادو میں انب شاخ سے پکڑی گئی نابینا ڈولفن کی ہلاکت کے معاملے میں مقامی شخص غلام سرور عرف بابو بھنڈ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے درج کیے گئے مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم نے نایاب نابینا انڈس ڈولفن کو محکمہ جنگلی حیات کے حوالے کرنے کے بجائے اپنے گھر میں رکھا اور اس کے ساتھ بدسلوکی کی۔
وائلڈلائف آفیسر کے مطابق 22 نومبر کو ڈولفن انب شاخ کے علاقے سے پکڑی گئی تھی، جس کے بعد محکمہ انہار کے ساتھ مل کر 22 سے 23 نومبر تک مختلف مقامات پر اس کی تلاش کی گئی۔ تاہم، 24 نومبر کو گاؤں گلن پہنور کے علاقے سے ڈولفن مردہ حالت میں برآمد ہوئی۔
مقدمے کے متن کے مطابق، ملزم نے ڈولفن کو پانی سے باہر نکال کر زور سے زمین پر دے مارا جس کے نتیجے میں اس کے جسم پر شدید زخم آئے، اور ان زخموں کی شدت کے باعث ڈولفن کی موت واقع ہوگئی۔
محکمہ جنگلی حیات نے ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاشی کا عمل جاری رکھا ہوا ہے، اور اس واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔



















