صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں اور خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب کارروائیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
اپنے ایک بیان میں صدر مملکت نے ان کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور متعدد کو زخمی کر کے حراست میں لینے کے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے اور بہادری کی تعریف کی۔
صدر نے شہید کیپٹن محمد ذوہیب الدین اور سپاہی افتخار حسین زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو بھی سراہا، جنہوں نے وطن کے دفاع کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ان بہادر جوانوں کی قربانیاں قوم کے لیے قابل فخر ہیں، اور ہم انہیں کبھی فراموش نہیں کریں گے، ان کی قربانیاں ہماری سرزمین کی حفاظت کے لیے انمول ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملکی سلامتی کے لیے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہم دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کھڑی رہے گی اور ان کے عزم و ہمت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گی۔
صدر نے شہدا کے بلند درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی، اور کہا کہ ہم اپنے شہدا کے لیے دعا گو ہیں اور ان کے اہل خانہ کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔



















