Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میانوالی: تھانہ چاپری پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

پنجاب پولیس نے خوارجی دہشت گردوں کے تھانہ چاپری پر حملے میں جوابی کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تھانے کا عملہ محفوظ رہا۔

میانوالی کے عیسیٰ خیل سرکل کے تھانہ چاپری پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق 20 سے زائد خوارجی دہشت گردوں نے بھاری اسلحے کے ساتھ تھانے پر حملہ کیا، جس میں راکٹ حملے اور دستی بموں کا بھی استعمال کیا گیا۔ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس کی فوری جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔ حملے کے دوران تھانے کا عملہ محفوظ رہا۔

پولیس کی بروقت کارروائی اور سینئر افسران کی موجودگی نے اس حملے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈی پی او میانوالی اختر فاروق اور دیگر سینئر پولیس افسران موقع پر موجود تھے اور جنہوں نے اپنی قیادت میں پولیس فورس کی ہمت اور بہادری کو بڑھایا۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے میانوالی پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر انہیں شاباش دی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ہمہ وقت الرٹ ہے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے، پنجاب پولیس امن دشمن عناصر کا بہادری سے مقابلہ کرتی رہے گی اور فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو بھی ختم کر دے گی۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے مزید کہا کہ ہم اپنی فورسز کی قربانیوں اور بہادری پر فخر کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس اپنی بھرپور طاقت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کرے گی، اور ہر قیمت پر امن کی بحالی کے لیے کام کرے گی۔

متعلقہ خبریں