پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون نے انسانی ہمدردی مشن کے تحت افریقی ممالک کے دورے کے دوران کینیا کا خیرسگالی دورہ مکمل کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ نے جذبہ خیرسگالی کے تحت کینیا میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا، جہاں کینیا کی عوام کو مفت طبی سہولیات، آپریشنز، اور ادویات فراہم کی گئیں۔
کینیا کی عوام نے اس انسان دوست اقدام کو بھرپور سراہا اور پاکستان کے لیے خراج تحسین پیش کیا۔
ممباسا بندرگاہ پہنچنے پر پی این ایس معاون کا پرتپاک استقبال کیا گیا، کینیا کے اعلیٰ سول و عسکری حکام اور پاکستانی سفارتی نمائندوں نے جہاز کا خیرمقدم کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران کمانڈنگ آفیسر نے کینیا کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔
کمانڈنگ آفیسر نے ملاقاتوں کے دوران نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کا خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔
دورے کا مقصد انسانی ہمدردی کے جذبے کو فروغ دینا تھا، اور دوطرفہ بحری تعاون کو مزید مستحکم کرنا اور پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پی این ایس معاون کا دورہ عالمی برادری کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں مزید بہتری اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔



















