اسلام آباد: پاک بحریہ میں آج ہنگور ڈے منایا جا رہا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہنگور ڈے بحریہ کی آبدوز ہنگور کے 1971 کی جنگ میں عظیم کارناموں اور بہادری کی یاد میں ہر سال نو دسمبر کو منایا جاتا ہے۔
1971 کی جنگ میں پی این ایس ہنگور نے بہادری کی عظیم تاریخ رقم کی تھی، 9 دسمبر 1971ء کو پاکستانی آبدوز ہنگور نے بھارتی جہاز کُکری کو 194ارکان سمیت سمندر بُرد کیا۔
پی این ایس ہنگور نے دوسرے حملے میں دوسرے بھارتی جنگی جہاز کِرپان کو مفلوج کر کے رکھ دیا، دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ پہلا واقعہ تھا جس میں کسی آبدوز نے بحری جہاز کو نیست و نابود کیا۔
بحری معرکوں میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کا یہ کارنامہ ہمارے دشمنوں کو ہمیشہ یاد رہے گا۔
ہنگور کے غازیوں کو تاریخی جنگی کردار پر 4 ستارہ جرأت، 6 تمغہ جرأت اور 16 امتیازی اسناد سے نوازا گیا، جنگ ستمبر 1965ء میں بھی پاک بحریہ کی آبدوز غازی کی دہشت سے دشمن کھلے سمندر کا رخ تک نہ کر سکا تھا۔
”سب سے اول، سب سے بہتر” کا عزم لئے پاکستان نیوی سب میرین سروس کے جانباز آج بھی دشمن کے آگے سینہ سپر ہیں۔















