ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے جنرل ایریا کلاچی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں دو خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ ایک خارجی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں



















