Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مدرسہ رجسٹریشن اور سوسائٹیز ایکٹ 2024، مولانا فضل الرحمن کی بڑی کامیابی

پاکستان میں مدارس کے رجسٹریشن کے معاملے پر سوسائٹیز ترمیمی ایکٹ 2024 کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں جس میں مولانا فضل الرحمن حکومت سے اپنے مطالبات منوانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

سوسائیٹیز ایکٹ 2024 کے مطابق جو مدرسے پہلے سے قائم ہیں اور نان رجسٹرڈ ہیں، انہیں چھ ماہ کے اندر رجسٹریشن کرانی ہوگی، نئے مدرسوں کو ایک سال کے اندر رجسٹریشن کرانی ہوگی۔

ہر مدرسہ کو اپنی تعلیمی و مالیاتی سرگرمیوں کی آڈٹ رپورٹ متعلقہ رجسٹرار کے پاس جمع کرانا ہوگی۔

اگر کسی مدرسہ کو مرکزی طور پر رجسٹرڈ کر لیا جاتا ہے، تو اس کی تمام برانچز کو الگ سے رجسٹرڈ کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

مدارس میں عسکری، فرقہ وارانہ اور نفرت پر مبنی نصاب یا مواد پڑھانے کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم تقابل ادیان جیسے موضوعات پڑھانے کی اجازت ہوگی۔

مدارس کو اپنے وسائل کے مطابق مرحلہ وار عصری مضامین کا اجرا کرنے کی اجازت ہوگی، سوسائٹیز ترمیمی ایکٹ 2024 کے تحت رجسٹرڈ مدارس کو کسی اور قانون کے تحت رجسٹریشن کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس ترمیم کے ذریعے حکومت نے مدارس کے انتظامی اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور مدارس کو جدید تعلیم سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے اس ایکٹ میں اپنی جماعت کے مطالبات منوانے میں کامیابی حاصل کی ہے جس سے مدارس کے نظام میں اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں