Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک فضائیہ دنیا کی طاقتور ترین ہوائی افواج میں ساتویں نمبر پر

کراچی: پاک فضائیہ نے دنیا کی طاقتور ترین فضائی افواج کی فہرست میں ساتویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

گلوبل فائر پاور ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق شجاعت وسرفروشی کی قابل رشک داستان لئے پاکستان ایئر فورس قدم بہ قدم منزل کی طرف محو پرواز ہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح نے 13 اپریل 1948ء کو فرمایا تھا کہ ایک طاقتور ہوائی فوج کے بغیر ملک کسی بھی جارح کے رحم و کرم پر ہوتا ہے، جتنی جلدی ہو سکے پاکستان کو اپنی فضائیہ بنا لینی چاہیے یہ لازماً ایک بہترین ہوائی فوج ہو جو کسی دوسرے سے پیچھے نہ ہو۔

پاک فضائیہ نے آج وہ مقام حاصل کرلیا ہے جہاں دنیا اس کی تعریف کر رہی ہے۔

گلوبل فائر پاور ڈاٹ کام کی حالیہ درجہ بندی کے مطابق پاک فضائیہ نے دنیا کی طاقتور ترین فضائی افواج میں ساتویں پوزیشن پر ہے، اس رینکنگ کا تعین لڑاکا طیارے، ہیلی کاپٹر اور دیگر طیاروں کی تعداد اور اقسام کا جائزہ لے کر کیا جاتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1,434 طیاروں کے بیڑے کے ساتھ، پاک فضائیہ علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک غلبہ برقرار رکھنے میں اہم کردار کی حامل ہے۔

گلوبل فائر پاور رپورٹ کے مطابق امریکہ سب سے بڑی اور جدید ترین فضائیہ کے ساتھ اس فہرست میں سرفہرست ہے، امریکی فضائیہ میں 5,737 ہیلی کاپٹر، 1,854 لڑاکا طیارے اور 3,722 امدادی طیارے شامل ہیں، امریکی فضائیہ کا سالانہ دفاعی بجٹ 800 بلین ڈالر ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکہ کے بعد روس اور چین بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں، یوکرین میں جاری تنازعے کے باوجود روس اہم فضائی صلاحیتوں کے ساتھ ایک غالب طاقت ہے۔

گلوبل فائر پاور رپورٹ کے مطابق چین اپنی فضائیہ کو تیزی سے جدید بنا رہا ہے، چین کی فضائیہ میں سکستھ جنریشن لڑاکا طیاروں اور سپرسونک ہوائی جہازوں سمیت جدید ٹیکنالوجیز کو شامل کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان علاقائی چیلنجوں کے باوجود اپنے بحری بیڑے کو جدید بنانے اور اپنی فضائی طاقت کو بڑھا رہا ہے، پاک فضائیہ جنوبی ایشیا کے جغرافیائی سیاسی منظر نامے میں ایک کلیدی کھلاڑی کی حیثیت رکھتی ہے، تاہم مصر، ترکی اور فرانس بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version