Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی برآمدات میں اضافہ، تجارتی خسارے میں کمی

پاکستان کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 1 ارب 77 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس سے ملکی معیشت میں بہتری کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔

ادارہ شماریات نے بیرونی تجارت کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں جن کے مطابق جولائی سے جنوری 2025 تک ملکی برآمدات کا حجم 19 ارب 55 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

تاہم، اسی دوران درآمدات میں بھی 6.95 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے مجموعی حجم 33 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں جولائی سے جنوری تک تجارتی خسارے میں 2.84 فیصد کا اضافہ ہوا، جس کا حجم 13 ارب 48 کروڑ ڈالر رہا۔

دسمبر 2024 کے مقابلے میں جنوری 2025 میں برآمدات میں 0.31 فیصد کا اضافہ ہوا، جس کا حجم 2 ارب 92 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ جنوری 2024 کے مقابلے میں برآمدات میں 4.59 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دسمبر کے مقابلے میں جنوری 2025 میں تجارتی خسارے میں 5.47 فیصد کی کمی آئی، اور جنوری میں تجارتی خسارہ کم ہو کر 2 ارب 31 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ جنوری 2024 کے مقابلے میں تجارتی خسارہ 17.78 فیصد بڑھ گیا۔

جنوری میں درآمدات میں 2.33 فیصد کی کمی آئی، جس کے ساتھ ان کا حجم 5 ارب 23 کروڑ ڈالر رہا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق، ملک کی تجارتی صورتحال میں مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں، تاہم تجارتی خسارے کو مزید کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں