نوشکی میں ٹرک اڈے پر پٹرول سے بھرے ٹینکر میں اچانک آگ لگنے کے بعد دھماکے کی شدت سے آگ مزید پھیل گئی، جس کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ٹرک میں آگ لگتے ہی دھماکا ہوا، جس کے باعث فائر بریگیڈ کا عملہ بھی متاثر ہوا اور خود فائر بریگیڈ کی گاڑی آگ کے لپیٹ میں آ گئی۔
ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ اب تک 30 سے زائد افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جن میں زیادہ تر شہری اور فائر بریگیڈ کا عملہ شامل ہے۔
زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور اسپتال میں علاج معالجہ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرک کا ڈرائیور آگ لگنے کے بعد ٹرک کو میدان میں لے آیا تھا، جس سے آگ کا پھیلاؤ مزید بڑھا۔ اس دھماکے نے قریبی علاقے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث شہر میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی ہے۔
انتظامیہ نے فوری طور پر علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ کو قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔



















