وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارتی آبی جارحیت کسی صورت قابل قبول نہیں، اور اس کا منہ توڑ جواب تمام آپشنز اور مکمل اسپیکٹرم کے ساتھ دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
’’پروگرام بول عادل عباسی کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی ایک بچگانہ حرکت ہے، جس کا پاکستان نے سنجیدہ سفارتی اور سٹریٹیجک سطح پر نوٹس لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی بدنیتی اور مکاری عیاں ہوچکی ہے اور بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی میں مصروف ہے۔
عطا تارڑ نے جعفر ایکسپریس حملے کے تانے بانے بھارت سے جوڑتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، مگر بھارت جواب دینے کے بجائے بند گلی میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب ہو چکا ہے اور بین الاقوامی میڈیا بھی اس کی تصدیق کر رہا ہے کہ بھارت کے پاس پاکستان کے خلاف ثبوت نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت میں یوٹیوب پر جیوٹیگنگ کے ذریعے اشتہارات چلائے، جن میں پاک فوج کے ملی نغمے اور تصاویر شامل تھیں، جس پر بھارت میں شدید ردعمل دیکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان نے دشمن کو اس کے گھر میں جواب دیا ہے۔
مزید پڑھیں: پہلگام فالس فلیگ؛ بھارت کا بلوچستان میں بڑی دہشتگردی کا منصوبہ بےنقاب
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی حکمران خاص طور پر نریندر مودی کی جنگی سوچ اور عزائم پر بھارت کے اندر ہی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ گجرات کے قصائی کے جنگی جنون نے خطے میں کشیدگی کو بڑھا دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلگام حملے کے متاثرین نے سوال اٹھایا ہے کہ ڈیڑھ گھنٹے تک پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر کیوں نہ پہنچیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے ایل او سی پر غیرملکی میڈیا کو مدعو کر کے یہ دکھا دیا ہے کہ یہاں کوئی دہشت گرد کیمپ موجود نہیں، جب کہ بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی کا اسپانسر ہے، جو امریکا، کینیڈا اور برطانیہ میں سکھوں کے قتل میں بھی ملوث پایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اور زمینی افواج مکمل تیار ہیں اور اگر دشمن نے کوئی جارحیت کی تو ایسا جواب دیا جائے گا جسے اس کی اگلی سات نسلیں یاد رکھیں گی۔ ایل او سی پر معمولات زندگی جاری ہیں، اسکول، کالجز اور مارکیٹس کھلی ہیں، جو عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم نے دنیا کے سامنے اپنا مقدمہ ٹھوس انداز میں رکھا ہے۔ وزیر اعظم کی دو بار اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بات ہوچکی ہے، اور سفارتی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور 90 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کی معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، جب کہ دنیا پاکستان کی معاشی ٹیم اور فیٹف سے نمٹنے کی تیاریوں کو سراہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو پیغام ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، اور ہر محاذ پر مکمل تیاری کے ساتھ موجود ہے۔



















