Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی فوج اتنی مضبوط ہے کہ نیوکلیئر وار تک نوبت ہی نہیں جائے گی، بھارتی دفاعی تجزیہ کار

بھارت کے معروف دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج اتنی مضبوط ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان نیوکلیئر وار تک نوبت ہی نہیں جائے گی۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے پاکستان کے دعووں کو سچا قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ پاکستان نے بھارت کو جو نقصان پہنچایا ہے، اس حوالے سے اس کے دعوؤں کو دُنیا مانتی ہے اور ہوا بھی وہی ہے جو پاکستان دعویٰ کررہاہے۔

پراوین ساہنی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ شروع ہوئے چند ہی گھنٹے ہوئے تھے کہ ہمارے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزراجے دوول نے فوری امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو، جاپان، سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات، چین کے وزیر خارجہ، فرانس سے بات چیت کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان پر الزام لگا کر اشتعال دلانا بھارت کی عادت بن چکی ہے، عالمی ماہرین

انھوں نے سوال اٹھایا کہ ایک طرف آپ نے جارحانہ روّیہ اپنا ہوا ہے اور دوسری جانب ان ممالک سے رابطے کرکے آپ نے انتہائی کمزوری کا مظاہرہ کیا، اگر آپ لڑائی کے لیے تیار ہی نہیں تھے یہ جو کچھ کیا ہے یہ آپ کو نہیں کرنا چاہیے تھا۔

بھارتی ملٹری عہدیداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آپ کو اپنے نقصانات کا اعتراف کرنے کی جرات نہیں ہے، لیکن دوسری جانب پاکستان جو دعوے کررہا ہے ان کو دُنیا مانتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اس جنگ سے کچھ بھی حاصل نہیں کر پائے ہیں۔ بھارت کا جو بین الاقوامی سطح پر اسٹینڈ تھا وہ بھی گر گیا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ پوری دُنیا دیکھ رہی ہے کہ ہم نے کون سی اپنی فوجی قوت دکھائی ہے۔

 پراوین ساہنی نے مزید کہا کہ پاکستان نے تو سفارتی سطح پر کامیابی حاصل کی اور بھارت نے تو وہاں بھی نقصان اٹھایا، بھارت کے اس اقدام سے چین پاکستان کے مزید قریب آ گیا ہے، جس کا بھارت کو بڑا نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج غلط فہمی رہیں کہ ہم انہیں طاقت دکھائیں گے، پاکستان میں بہت سے اندرونی مسائل ہوں گے، لیکن یہ بات ماننا پڑے گی کہ پاکستان کی فوج نے ہمیشہ ہمارا مقابلہ کیا ہے۔

انھوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کی فوج اتنی مضبوط ہے کہ انہیں نیوکلیئرہتیھار چلانے کی ضرورت ہی نہیں ہے، وہ کبھی بھی نیوکلیئر حملہ نہیں کریں گے، وہ اگر ایسی کوئی دھمکی دیتے ہیں تو اپنی جغرافیائی بنیادوں اور ان کے تحفظ کے لیے کہہ رہے ہیں۔

پراوین ساہنی نے کہا کہ پاکستان نے تو مسئلہ کشمیر کو بھی زندہ کر دیا ہے، بھارت کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ بھارت نے پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں بلکہ ایک سرکس کیا جس پر دُنیا ہنس رہی ہے۔

متعلقہ خبریں