یوم تکبیر کی 27 ویں سالگرہ پرافواج پاکستان نے پوری قوم کومبارکباددی ہے۔ آئی ایس پی آ رسے تہنیتی پیغام جاری کردیاگیا۔
یوم تکبیر کی 27ویں سالگرہ پر پاکستان کی مسلح افواج نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کے ساتھ پاکستانی عوام کومبارکباددی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 1998 سے اس اہم موقع کی یاد منائئی جاتی ہے جب پاکستان جوہری طاقت کے طور پر ابھرا۔
پیغام میں جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن کو بحال کرنے،اپنے دفاع ، خودمختارکے حق پر زور دیاگیا۔ اورکہاگیاکہ یہ تاریخی کامیابی قوم کے عزم، اتحاد،باوقار اورپرامن وجود کیلیے غیر متزلزل جستجوکی مظہرہے۔
پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت ایک قومی امانت ہے جواس کے عوام کی اجتماعی امنگوں کی عکاسی کرتی ہے۔
یوم تکبیر قیادت کی دوراندیشی، ہمارے سائنس دانوں اور انجینئروں کی ذہانت کامظہرہے ۔ دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے تمام لوگوں کی لازوال خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
یہ دن اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے ثابت قدم عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
آج کادن ہمارے قابل اعتبار کم از کم ڈیٹرنس کے نظریے کی تصدیق کرتا ہے۔ جس کی جڑیں خطے میں امن اور اسٹریٹجک استحکام کو برقرار رکھنے کے اصول پر مبنی ہیں۔
مزید براں پیغام میں کہاگیاکہ مسلح افواج مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ آئیے اس دن اپنی سلامتی،ترقی اورخوشحالی کیلیے چوکس،متحد اورپرعزم رہنے کے اجتماعی عہد کی تجدید کریں۔
دریں اثنا پیغام میں مزید کہاگیاکہ افواج پاکستان قوم کے ساتھ کھڑی ہے- ان قربانیوں کا احترام کرتے ہیں جنہوں نے اس سنگ میل کو ممکن بنایا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں 27 واں یوم تکبیر انتہائی جوش وجزبے کے ساتھ منایاجارہاہے ۔



















