مسابقتی کمیشن آف پاکستان (CCP) نے معروف ہاؤسنگ منصوبہ کنگڈم ویلی پر جھوٹے اور گمراہ کن اشتہارات جاری کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کنگڈم ویلی نے اپنے منصوبے کو اسلام آباد میں ظاہر کیا، جبکہ درحقیقت اس کا مقام راولپنڈی میں واقع ہے۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کا مسابقتی کمیشن کو خود مختار بنانے کا فیصلہ
اس کے علاوہ منصوبے کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام سے منسلک ظاہر کیا گیا، جو کہ حقائق کے منافی اور جھوٹا دعویٰ تھا۔ جبکہ منصوبے کی این او سی منظوری سے متعلق غیر واضح اور مبہم معلومات فراہم کی گئیں۔
کنگڈم ویلی نے کئی برسوں سے SECP میں مالیاتی گوشوارے بھی جمع نہیں کروائے، جو کہ ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
مسابقتی کمیشن نے فیصلے میں زور دیا کہ ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت، درست معلومات کی فراہمی اور قانونی تقاضوں کی پاسداری ناگزیر ہے۔
کمیشن نے عوام سے اپیل کی کہ اگر وہ جھوٹے دعووں یا کارٹلائزیشن (قیمتوں یا مارکیٹ کی ساز باز) کے کسی بھی واقعے کا مشاہدہ کریں، تو وہ فوری طور پر مسابقتی کمیشن کو اطلاع دیں۔



















