Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت 24 کروڑ عوام کا پانی روکنا چاہتا ہے، جو کبھی نہیں ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھارت کی آبی جارحیت کے عزائم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی لائف لائن ہے اور بھارت اگر اسے روکنا چاہتا ہے تو یہ ارادہ کبھی پورا نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار آذربائیجان کے شہر لاچین میں منعقدہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کی سہ فریقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف بھی شریک تھے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ترکیہ اور آذربائیجان جیسے دوست پاکستان کی خوش نصیبی ہیں، ہم تینوں ممالک ایک مشترکہ مذہب، ثقافت اور اقدار میں بندھے ہوئے ہیں۔ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہمیں ترکیہ اور آذربائیجان جیسے مخلص دوست حاصل ہیں۔

مزید پڑھیں: افغان حکومت دہشت گردوں کے خلاف فوری اقدامات کرے، شہباز شریف کا دو ٹوک پیغام

انہوں نے آذربائیجان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کی میزبانی کرنا دوستی اور بھائی چارے کا مظہر ہے، اور ان مشترکہ روابط کو علاقائی ترقی اور امن کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

وزیراعظم نے بھارت کی حالیہ الزام تراشی اور الزام پر مبنی رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر الزامات عائد کیے، حالانکہ پاکستان نے شفاف تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔ بھارت آج تک کوئی ثبوت فراہم نہیں کر سکا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کا پاکستان کا پانی روکنے کا کوئی بھی اقدام ناقابل قبول ہوگا اور پاکستان ہر سطح پر اپنے پانی کے حق کا دفاع کرے گا۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے، اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت ہر حال میں جاری رکھی جائے گی۔

متعلقہ خبریں