Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد، پاک بھارت جنگ کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل

وزیراعظم پاکستان کی جانب سے پاک بھارت جنگ کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے جائزے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

کمیٹی کا مقصد جنگ کے اثرات اور بھارتی فوج کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کا تفصیل سے تجزیہ کرنا ہے۔

وزیر داخلہ کی ہدایت پر یہ کمیٹی متحرک ہو چکی ہے، اور اس نے اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے۔

کمیٹی کی سربراہی وفاقی سیکرٹری داخلہ کر رہے ہیں، اور اس میں 15 ارکان شامل ہیں۔ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں سیکرٹری داخلہ نے اہم ہدایات جاری کیں، جن کے مطابق کمیٹی متاثرین تک فوری طور پر پہنچے گی اور شواہد کا مشاہدہ کرے گی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ عید کے بعد کمیٹی کا دوسرا اجلاس طلب کیا جائے گا۔

کمیٹی بھارت کی جانب سے پاکستان کے پنجاب اور کشمیر کے علاقوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کا تخمینہ لگائے گی، اور اس دوران بھارتی فوج کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں بالخصوص جنیوا کنونشن کی تخفیف پر بھی رپورٹ تیار کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: بدترین شکست پر سابق بھارتی لیفٹننٹ کا بھارت کو پاکستان سے آئندہ جنگ نہ کرنے کا مشورہ

اس کے علاوہ، بھارتی فوج کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنانے کی تفصیلات پر مبنی ایک رپورٹ بھی تیار کی جائے گی۔

کمیٹی متاثرہ علاقوں میں موجود ڈیمز، پاور اسٹیشنز، سکولوں، عبادت گاہوں، پبلک پراپرٹی سمیت دیگر اہم انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات اور ان کی معاشی ویلیو کا تخمینہ بھی لگائے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ، جنگ کے دوران زخمی اور شہید ہونے والے شہریوں کے املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں ڈیٹا بیس مرتب کیا جائے گا۔

تمام شواہد کو فرانزک رپورٹ کی شکل میں مرتب کیا جائے گا تاکہ تحقیقات میں کسی بھی قسم کی غفلت یا نقص کی نشاندہی کی جا سکے۔

کمیٹی کی تشکیل میں ڈی جی ایف آئی ایف، ریلیف کمشنر پنجاب، ہوم سیکرٹری پنجاب، ڈی آئی جی پنجاب اور وزارت خارجہ کا نمائندہ بھی شامل ہیں، جبکہ حساس اداروں کے نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

کمیٹی اپنی رپورٹ 30 دن کے اندر وزیراعظم کو پیش کرے گی، جس کے بعد آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں