Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وفاقی وزیر ریلوے کا ڈیزل لوکوموٹیو ورکشاپ کا دورہ، مرمتی کام کا جائزہ

 وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے سنٹرل ڈیزل لوکوموٹیو ورکشاپ کا دورہ کیا اور ورکشاپ میں جاری مرمتی کام کا جائزہ لیا۔

اس دوران، وزیر ریلوے کو لوکوموٹیوز کی حالت پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

حنیف عباسی نے ناکارہ انجنز کی فوری مرمت یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے انجنز کی مرمت میں معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوکوموٹیوز کی کارکردگی پاکستان ریلوے کے نظام کی بنیاد ہے، اس لیے غفلت یا تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیر ریلوے نے پیشگی حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ مستقبل میں لوکوموٹیو کے فیلیرز سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ لوکوموٹیو کی کارکردگی میں کسی بھی قسم کا خلل نہ آئے، اس کے لیے ہمیں فوراً حکمت عملی تیار کرنی ہوگی۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر ریلوے ورکرز یونین کے نمائندوں سے بھی خصوصی ملاقات کی۔ ورکرز یونین نے اپنے مسائل اور تحفظات وزیر کے سامنے پیش کیے، جس پر حنیف عباسی نے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

 ان کا کہنا تھا کہ ریلوے ورکرز نظام ریلوے کا مضبوط ستون ہیں، ان کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

آخر میں، وزیر ریلوے نے ورکشاپ کے عملے کے جذبے اور محنت کو سراہا اور کہا کہ آپ کی محنت سے ہی پاکستان ریلوے کا نظام مضبوط ہوگا، اور ہم اسے مزید ترقی کی جانب لے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں