نجکاری کمیشن بورڈ نے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (ZTBL) کی نجکاری کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے فنانشل ایڈوائزر کے تقرر کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ اسلام آباد میں کمیشن کے بورڈ اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے کی۔
اعلامیے کے مطابق نجکاری کے لیے نیکسٹ کیپیٹل کی سربراہی میں قائم کنسورشیم کو فنانشل ایڈوائزر مقرر کیا گیا ہے۔ کنسورشیم نے چھ بولی دہندگان میں سب سے زیادہ ٹیکنیکل اور مالی اسکور حاصل کیا، جس کی بنیاد پر اسے چنا گیا۔
کنسورشیم میں قانونی، اکاؤنٹنگ، میڈیا، ہیومن ریسورس اور ایکچیوریل ماہرین شامل ہیں جو اس عمل کو جامع اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
فنانشل ایڈوائزری سروسز سے متعلق معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو تمام قانونی و تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لے کر معاہدے کو مکمل کرے گی۔
زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کو حکومت پاکستان کے ترجیحی منصوبوں میں شامل قرار دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مالیاتی ادارے کی کارکردگی میں بہتری، مالیاتی نظم و ضبط، اور زرعی شعبے کے لیے بہتر مالی سہولیات کی فراہمی ہے۔
زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کا عمل مکمل طور پر شفاف، پیشہ ورانہ اور بروقت انداز میں مکمل کیا جائے گا، تاکہ قومی مفاد کو یقینی بنایا جا سکے۔



















