Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چہرے نہیں نظام بدلنے سے ملک کا سسٹم بہتر ہو گا، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ چہرے بدلنے سے نہیں بلکہ نظام کو بدلنے سے ہی ملک کا سسٹم بہتر ہو گا۔

انہوں نے سانحہ لیاری کے متاثرین کے لیے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے کے متاثرین کو رہائش اور راشن فراہم کیا جائے گا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وہ اس واقعے کو خاموشی سے نہیں جانے دیں گے اور اس پر بھرپور اقدامات کریں گے۔

گورنر سندھ نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ کو ایک خط لکھیں گے جس میں متاثرین کے لیے کرائے کے گھروں کا انتظام کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ 6 ماہ تک کرایہ فراہم کرنے کا بھی منصوبہ ہے تاکہ متاثرین کو عارضی طور پر مدد فراہم کی جا سکے۔

گورنر سندھ نے لیاری کے علاقے بغدادی میں عمارت کی تعمیر پر کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ اس قسم کے سانحات کا مستقبل میں تدارک کیا جا سکے۔

 ان کا کہنا تھا کہ وہ لیاری کے رہائشیوں کو مایوس نہیں ہونے دیں گے اور ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔

اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسکیم 42 اور تیسر ٹاؤن میں پچھلے 20 سالوں سے ترقیاتی کام نہیں ہوئے، جسے جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس سانحے پر سیاست نہیں کی جائے گی اور تمام تر توجہ متاثرین کی مدد پر مرکوز کی جائے گی۔

کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں ایک ہیلپ لائن قائم کرنے کا اعلان بھی کیا تاکہ متاثرین اپنی مشکلات اور مسائل براہ راست حکام تک پہنچا سکیں۔

یاد رہے کہ گورنر سندھ نے سانحہ لیاری کے لواحقین کے لیے 80، 80 گز کے پلاٹ فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

گورنر سندھ نے اس تمام صورتحال میں متاثرین کو خود کواکیلا نہ سمجھنے کی اپیل کی اور کہا کہ ان کی مدد کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔

متعلقہ خبریں