نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (NIRC) کی عدالتوں میں جدید عدالتی سہولیات کی فراہمی کے تحت ملک بھر کے سات شہروں میں قائم این آئی آر سی کورٹس کو آن لائن نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد انصاف کی بروقت فراہمی اور وکلا و فریقین کی سہولت کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ اقدام چیئرمین این آئی آر سی جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا گیا، جس کے تحت تمام عدالتوں میں وڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
پہلے مرحلے میں کراچی، سکھر، لاہور، ملتان، کوئٹہ اور اسلام آباد کی عدالتوں کو وڈیو لنک سے منسلک کیا گیا تھا۔
اب آخری مرحلے میں پشاور کی عدالتوں کو بھی اس جدید نظام سے جوڑ دیا گیا ہے، جس کے بعد NIRC کی تمام عدالتیں وڈیو لنک پر مکمل طور پر فعال ہو چکی ہیں۔
پہلے وکلا کو اپنے مقدمات کی پیروی کے لیے مخصوص شہروں کا سفر کرنا پڑتا تھا، لیکن اب وہ اپنے ہی شہر میں موجود این آئی آر سی دفتر سے وڈیو لنک کے ذریعے دیگر شہروں کی عدالتوں میں دلائل پیش کر سکیں گے۔
اسی طرح این آئی آر سی کے ججز کو بھی مقدمات کی سماعت کے لیے دوسرے شہروں کا دورہ کرنا پڑتا تھا، جو اب وڈیو لنک کے ذریعے ممکن ہو گیا ہے، جس سے وقت، وسائل اور اخراجات کی بچت ہو گی۔



















