کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے ایک نمائندہ وفد نے سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی اور انہیں تنظیم کی پلاٹینم جوبلی تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی۔
یہ تقریبات 3 روزہ دورانیے پر مشتمل ہوں گی اور خالق دینا ہال، کراچی میں منعقد کی جائیں گی۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صحافت اور جمہوریت ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آزاد صحافت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کیے ہیں۔
سینئر وزیر نے سندھ حکومت کی جانب سے تقریبات کے انعقاد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتی رہی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات کا حصہ سمجھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کے لیے صحافی برادری کی قربانیاں تاریخی اور ناقابل فراموش ہیں، ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔



















