چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے عوامی جمہوریہ چین کی مسلح افواج پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے 98 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ پروقار تقریب اعلیٰ سطحی عسکری و سول حکام، میڈیا نمائندگان، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے ممتاز افراد کی موجودگی میں منعقد ہوئی، جو پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات میں گہری عوامی اور ادارہ جاتی حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔
اپنے خطاب میں جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چین کی عوام، عسکری قیادت اور پیپلز لبریشن آرمی کے تمام افسران و جوانوں کو دلی مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت میں چین کی حیرت انگیز ترقی اور تیز رفتار جدیدیت کو سراہا، جس کے نتیجے میں چین آج امن، استحکام اور خوشحالی کا اہم ستون بن چکا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جے سی ایس سی نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ، آزمودہ اور مضبوط تعلقات کو آہنی برادری قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کو ہر شعبے میں وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے چینی شہریوں کے تحفظ، چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی ترقی، دفاعی تعاون کے فروغ اور علاقائی امن و ترقی کے لیے اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چین کو خطے میں امن و استحکام کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین کا موجودہ کردار خطے کی سیکیورٹی ڈائنامکس میں توازن پیدا کرنے میں مددگار ہے۔



















