لوگوں کی بڑی تعداد پھلوں کو اس کے ذائقے کی وجہ سے انہیں پسند یا نہ پسند کرتی ہیں تاہم جب صحت اور غذائیت کی بات کی جائے کچھ پھلوں کو عام سا سمجھ کر نظر انداز کر دیاجاتا ہے جبکہ یہ انتہائی صحت بخش ہوتے ہیں، ان ہی میں آلوبخارہ بھی شامل ہیں۔
آلو بخارہ کو اکثر چیری، بیری، اور آڑو جیسے مزیدار موسم گرما کے پھلوں کی نسبت کم اہم سمجھا جاتا ہے۔ تاہم، ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ اس سپر فوڈ کی اہمیت کو ہر گز نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
آلو بخارہ میں کیلوریز کم لیکن زیادہ فائبر موجود ہوتا ہے، منفرد مٹھاس لیے یہ پھل اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور ہوتا ہے۔ آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ اس چھوٹے سے پھل میں 15 مختلف قسم کے وٹامنز اور منرلز موجود ہوتے ہیں جو جسم کے لیے متعدد فوائد فراہم کرتے ہیں۔ یہ پھل آنتوں، دل، اور ہڈیوں کی صحت کو بھی بہتر بناتا ہے۔

آلوبخارہ پانی میں حل ہونے والے فائبر سے بھرپور ہوتا ہے، جو ہاضمے اور آپ کو دیر تک سیر رہنے میں مدد کرتے ہیں۔ فائبر ایک کاربوہائیڈریٹ ہے جسے جسم ہضم نہیں کرتا، اور یہ نسبتاَ مکمل حالت میں ہاضمے کے نظام سے گزرتا ہے۔
فائبر سوزش کو کم کرتا ہے، معدے میں آنتوں کی فعالیت کو برقرار رکھنے اور جسم میں غذا کو جذب کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے، اس کے علاوہ یہ خون میں شوگر کی سطح کو بھی مستحکم رکھتا ہے۔ ایک آلو بخارے میں 1 سے 1.5 گرام فائبر ہوتا ہے، جو ان کے چھوٹے سائز کے لحاظ سے کافی مقدار ہے۔
یہ پھل صرف ہاضمہ کو ہی بہتر نہیں بناتا بلکہ پوٹاشیم اور میگنیشیم کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہیں، ماہرین غذائیت کے مطابق پوٹاشیم جسم میں سوڈیم کا توازن برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے، جس سے بلڈ پریشر توازن میں رہتا ہے۔
آلو بخارے میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس، آکسیڈیٹیو تناؤ سے تحفظ فراہم کرتے ہیں، بلڈ پریشر کو توازن میں رکھتے ہیں اور قلب کی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔
خشک آلوبخارے تازہ پھل کی طرح ہی غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں، البتہ ان میں کچھ اجزاء کی مقدار زیادہ ہوتی ہے یہ دونوں ہی جسم میں زخم کو مندمل کرنے اور صحت مند ہڈیوں کی افزائش میں مدد دیتے ہیں۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اسے اعتدال میں استعمال کیا جائے تاہم اس کی گٹھلی میں موجود بادام کھانے سے گریز کیا جائے کیونکہ اس میں ایک قسم کا زہر ہوتا ہے جو آپ کو نقصان پہنچا سکتا ہے، اسی لیے خوبانی کو کاٹتے یا چباتے وقت احتیاط سے کام لیں اور اس کے گٹھلی کے کسی بھی ٹکڑے کو منہ میں آنے سے بچائیں۔