ملکہ الزبتھ دوم اور پرنس فلپ کی شادی کا 77 سال پرانا کیک کا ٹکڑا 2,800 ڈالر میں نیلامی کے دوران فروخت ہو گیا۔
ایک 77 سال پرانا کیک کا ٹکڑا، جو ملکہ الزبتھ دوم کی 1947 میں ہونے والی شادی سے بچا تھا، حال ہی میں 2,800 ڈالر میں فروخت ہوا ہے، یہ کیک کا ٹکڑا اس شادی کی تقریب کا حصہ تھا جب ملکہ نے پرنس فلپ سے شادی کی تھی۔ اس ٹکڑے کو اب تک اچھی طرح محفوظ رکھا گیا تھا اور اس پر شادی کی تاریخ بھی درج تھی۔ اس کی قیمت دیکھ کر سب حیران ہیں، کیونکہ یہ ایک تاریخی یادگار کی حیثیت رکھتا ہے اور لوگوں میں اس کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیک کے اس ٹکڑے کو’نایاب ٹکڑا’ قرار دیا گیا ہے جو 20 نومبر 1947 کو شاہی شادی سے محفوظ ہے، لیکن قابل ذکر بات یہ ہے کہ کیک کا چھوٹا سا یہ ٹکڑا اب کھانے کے قابل نہیں رہا۔
یہ کیک کا ٹکڑا ایک خاص ڈبے میں محفوظ تھا جس پر اُس وقت کی شہزادی الزبتھ کا چاندی کا نشان درج تھا۔ اس کے ساتھ ایک پرنٹ شدہ خط بھی شامل تھا جو دلہن کی طرف سے لکھا گیا تھا، علاوہ ازیں اس کے اندر ایک نفیس روئی بھی موجود ہے جس نے کیک کو 70 سال سے زیادہ عرصے تک محفوظ رکھا۔
یہ کیک کا ٹکڑا ماریا پولسن کو تحفے کے طور پر دیا گیا تھا، جو ایڈنبرا، اسکاٹ لینڈ میں واقع ہولیروڈ ہاؤس کی ہاؤس کیپر تھیں۔ یہ تحفہ ملکہ الزبتھ دوم اور پرنس فلپ کی طرف سے دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ کیک ملکہ الزبتھ اور پرنس فلپ کی شادی کو شاندار بنانے والے کیک کا حصہ تھا، جو نو فٹ بلند تھا اور اس کا وزن 200 کلوگرام سے زیادہ تھا۔
نیلامی کے گھر “ریمن ڈینس” کے مطابق یہ کیک کا ٹکڑا، جو 20 نومبر 1947 کو ہونے والی شاہی شادی کے موقع پر پیش کیے گئے 500 پاؤنڈ وزنی کیک کا حصہ تھا، 2,831 ڈالر میں نیلام ہو گیا ہے۔