وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ غریب آدمی کو ریلیف دیناعمران خان کا ویژن ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے چیئرپرسن پنجاب احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر یاسمین راشد کی ملاقات ہوئی ہے جس میں چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پنجاب احساس پروگرام پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کو بریف کیا اور احساس پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے کیے گئے اقدامات سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی فلڈ ریلیف پروگرام میں شاندار خدمات کو سراہا۔
یہ بھی پرھیں؛ چودھری پرویز الٰہی کی ماحول دوست ہائبرڈ بسوں کی خریداری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ٹیلی تھون کے ذریعے سیلاب متاثرین کے لئے فنڈز جمع کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عمران خان نے تنہا اربوں روپے سیلاب متاثرین کیلئے جمع کر کے قومی خدمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت احساس پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 10 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہی ہے جبکہ اب تک سیلاب متاثرین کی آبادکاری کے لئے 5 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ٹیلی تھون سے حاصل ہونے والے فنڈز بھی سیلا ب متاثرین کی بحالی پر صرف کیے گئے ہیں جبکہ ہزار متاثرہ خاندانوں کو ادائیگی بھی مکمل کی جا چکی ہے اور گھروں کی تعمیر کے لئے بھی سیلاب متاثرین کی مالی معاونت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ سرمایہ کاروں کی انوسٹمنٹ کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، چودھری پرویز الٰہی
پرویز الٰہی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی کوئی مدد نہیں کی، وفاقی حکومت نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کویکسر تنہا چھوڑے رکھا ہے اور انہوں نے مخالفین نے سیلاب متاثرین کے نام پر بھی صرف سیاست چمکائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کومت پنجاب نے صوبے کے 80 لاکھ خاندانوں کیلئے 100 ارب روپے کی خطیر رقم سے احساس راشن رعایت پروگرام شروع کیا ہے جبکہ پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو آٹا، دالیں، کوکنگ آئل اورگھی بھی 40 فیصد تک سستا مل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ معاشرے کی ترقی کے لئے معاشی و سماجی انصاف ضروری ہے، چودھری پرویز الٰہی
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ غریب آدمی کو ریلیف دینا عمران خان کا ویژن ہے، جسے ہم نے عملی جامہ پہنایا ہے۔



















