Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نوری آباد پاور پراجیکٹ کیس، وزیر اعلیٰ سندھ نے بریت کی درخواست دائر کردی

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نوری آباد پاور پراجیکٹ کیس میں نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت بریت کی درخواست دائر کر دی۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں نوری آباد پاور پراجیکٹ مبینہ منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پیش ہوئے۔

عدالت میں وزیر اعلیٰ سندھ نے نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت بریت کی درخواست دائر کر دی جبکہ نوری آباد پاور پراجیکٹ کے شریک ملزمان نے بھی عدالت سے ریلیف کی استدعا کر رکھی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے بعد کیس نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں رہا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ترمیمی آرڈیننس کے بعد ریفرنس سے بری کیا جائے۔

عدالت نے نیب کو جواب طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔

درخواست کی کاپی بول نیوز کو موصول

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی درخواست کی کاپی بول نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے درخواست میں کہا کہ نوری آباد منصوبے کی منظوری پوری صوبائی کابینہ نے دی، کسی اور کابینہ رکن کو نیب نے ملزم یا گواہ تک نہیں بنایا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ میرے خلاف اختیارات کے غلط استعمال کا کوئی کیس نہیں بنتا، صرف مجھے اکیلے کیخلاف کارروائی نہیں کی جاسکتی، عدالت نیب کے ریفرنس سے بری کرنے کا حکم جاری کرے۔

متعلقہ خبریں