اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الیکشن کمیشن کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا۔
وکیل کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے تجاوز کر کے پارٹی عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کر رہا ہے۔
درخواست میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کے لئے غیر قانونی طور پر نوٹس جاری کیا۔
عمران خان کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے 7 دسمبر 2022 کو خلاف قانون کارروائی کا آغاز کیا جبکہ چیئرمین تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے روبرو اپنے مکمل اثاثے ظاہر کر رکھے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کو معطل کرنے اور عدالت درخواست پر حتمی فیصلے تک الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے کا حکم دے۔
درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ عدالت الیکشن کمیشن کے خلاف قانون اقدام کی کالعدم قرار دے۔
الیکشن کمیشن کی عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی کا آغاز
توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی شروع کی گئی تھی۔
اس حوالے سے ن لیگی رہنماؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ الیکشن کمیشن عمران خان کونااہل قرار دیکر پارٹی سربراہی سے ہٹائے گا۔
ن لیگی رہنماؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ الیکشن کمیشن عمران خان کونااہل قرار دیکرپارٹی سربراہی سے ہٹائے گا جبکہ الیکشن کمیشن دسمبر کے دوسرے ہفتے میں کارروائی کرے گا۔



















