Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کلائمیٹ کانفرنس، نواز شریف اور مریم نواز جینیوا روانہ

کلائمیٹ کانفرنس میں شرکت کے لئے نواز شریف اور مریم نواز جینیوا روانہ ہوگئے ہیں۔

 ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کا جینیوا میں ایک ہفتہ قیام متوقع ہے، نواز شریف کے ایک معالج بھی جینیوا میں مقیم ہیں ان سے بھی ملاقات متوقع ہے جبکہ نواز شریف کے ہمراہ خاندن کے دو مزید افراد بھی جینیوا گئے ہیں اور نواز شریف کی جینیوا میں چند ذاتی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی موسمیاتی لچکدار پاکستان کانفرنس 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں منعقد ہوگی اور وزیر اعظم شہباز شریف 9 جنوری کو جنیوا میں اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے ساتھ مشترکہ میزبانی کریں گے۔

ترجمان دفترخارجہ نے یہ بھی کہا کہ کانفرنس افتتاحی سیشن کی سربراہی وزیر اعظم اعظم اور اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کریں گے، وزیراعظم اور اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل مشترکہ پریس اسٹیک آؤٹ بھی کریں گے جبکہ کانفرنس میں وزیر اعظم متاثرہ آبادی کی بحالی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے پاکستان کے وژن کا خاکہ پیش کریں گے۔

حالیہ تباہ کن سیلابوں کے بعد کانفرنس تعمیر نو کے لیے پاکستانی عوام اور حکومت کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں؛ مریم نواز کا رواں ماہ پاکستان واپس آنے کا امکان

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ملک اس وقت ریسکیو اور ریلیف کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے اہم کام کی طرف بڑھ رہا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کانفرنس میں ریزیلینٹ ریکوری، بحالی اور تعمیر نو کا فریم ورک پیش کرے گا جبکہ فور آر ایف دستاویز ایک ترجیحی اور ترتیب وار منصوبے کا خاکہ پیش کرتی ہے۔

دوسری جانب سفارتی ذرائع کے مطابق جنیوا میں 9 جنوری کو ماحولیاتی تغیر سے بچاؤ سے متعلق کانفرنس ہوگی اور وزیراعظم شہباز شریف اس کانفرنس کا آغاز کریں گے۔

 سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلیے 16.3 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے، آدھی رقم کا پاکستان اپنے وسائل سے بندوبست کرے گا جبکہ پاکستان کو باقی کی رقم عالمی برادری سے درکار ہے اور سیلاب کے فوری بعد کی گئی 8 سو ملین ڈالرز کی فلیش اپیل پر دو اڑھائی ملین ڈالرز ملے تھے۔

یہ بھی پڑھیں؛ شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، اہم ہدایات جاری

سفارتی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنیوا کی کانفرنس میں کم سے کم خرچ آئے گا، وزیراعظم نے کم سے کم وفد لے جانے کی ہدایت کی ہے جبکہ کانفرنس کیلیے تیار کیے گئے فریم ورک میں رقم کے شفاف استعمال کا طریقہ کار بھی موجود ہے اور رقم کے شفاف استعمال کو مد نظر رکھا گیا ہے، کانفرنس میں چاروں صوبوں سے نمائندگی ہوگی، اس کانفرنس میں سرکاری وفد کے سائز کو محدود رکھا گیا ہے، امداد کا تخمینہ 16.3 ارب ڈالر ایک سال کا نہیں ہے۔

سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر اس کانفرنس میں شریک ہونگے اور کانفرنس کی میزبانی پاکستان اور یو این سیکرٹری جنرل مشترکہ طور پر کریں گے۔

متعلقہ خبریں