چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم نوید کے وکیل نے سانحہ وزیرآباد کو خودساختہ قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے سانحہ وزیرآباد کے مرکزی ملزم نوید کے وکیل میاں داؤد نے دعویٰ کردیا جےآئی ٹی کا مقصد عمران خان اور ان کے گارڈ کو بچانا ہے، درست تفتیش ہو تو ثابت ہوگا کہ معظم کاقاتل گارڈ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان پر قاتلانہ حملے کے ملزم کا ویڈیو بیان کیسے لیک ہوا، سی سی ٹی وی سامنے آگئی
میاں داؤد نے کہا کہ عمران خان کی پسند کودیکھتے ہوئے جے آئی ٹی ممبران تبدیل ہوئے، حملے کا ڈرامہ لانگ مارچ کی ناکامیوں کوچھپانے کیلئے کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا ردعمل:
عمران خان پر قاتلانہ حملے کے ملزم کے وکیل کی پریس کانفرنس پر تحریک انصاف کے رہنما ؤں نے شدید ردعمل دیا ہے۔
تاریخ میں پہلی بار! قاتلانہ حملے کے ملزم کے وکیل کی پریس کانفرنس کو سرکاری ٹی وی PTV سمیت تمام چینلز پر بھرپور کوریج ملی۔ pic.twitter.com/tAzaPMAlsJ
— PTI (@PTIofficial) January 5, 2023
اس حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا عمران خان کو قتل کرنے کا پورا منصوبہ تھا، ملوث کرداروں کو بےنقاب ہونا چاہیے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ملزم کے وکیل کی پریس کانفرنس کا اہتمام کس نے کیا؟ کس نے کہا کہ پریس کانفرنس دکھانا لازمی ہے، ایسے کریں گے شبہات میں اور اضافہ ہو گا۔
عمران خان پر قاتلانہ حملے کے ملزم کے وکیل کی پریس کانفرنس کا اہتمام کس نے کیا؟ کس نے نیوز ایڈیٹر پر دباؤ ڈالا کہ میاں داؤد نامی نامعلوم وکیل کی پریس کانفرنس دکھانا لازمی ہے؟ ایسے کریں گے شبہات میں اور اضافہ ہو گا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 5, 2023
علاوہ ازیں حسان خاور نے بول سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نےبہت پہلےاپنی تقریرمیں اس سازش کاانکشاف کردیاتھا اور فوٹیج میں بھی شواہد بہت واضح ہیں تاہم حملے کی تہہ تک پہنچنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ جےآئی ٹی کی تحقیقات نے واضح کردیا ہے کہ حملہ آور اکیلا نہیں تھا، شواہد سے سامنے آیا ہے کہ ملزم کے ساتھ مزید 2 شوٹرز تھے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل عمران خان پر قاتلانہ حملے کے ملزم نوید کا ویڈیو بیان کیسے لیک ہوا، سی سی ٹی وی سامنے آگئی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈی پی او خود اپنا موبائل ایس ایچ او کو ویڈیو بنانے کے لیے دے رہے ہیں۔
ایس ایچ او نے ملزم نوید کے اقبالی بیان کی ویڈیو بنائی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے ویڈیو 5 بجکر 20 منٹ پر بنائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ 3 نومبر کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر وزیرآباد میں لانگ مارچ کے دوران قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ بال بال بچ گئے تھے۔
مزید پڑھیں: عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والا ملزم نوید کون ہے؟ تفصیلات سامنے آگئیں
حملہ آور ملزم نوید کا گرفتاری کے بعد اعترافی بیان بھی منظر عام پر آیا تھا جس میں اس نے عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
ملزم نوید کا اعترافی بیان:
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملہ کرنے والے ملزم نے پولیس کو دیے گئے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ اس نے عمران خان کو مارنے کی کوشش اس لیے کی کیوں کہ اس کے مطابق عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے تھے۔
حملہ آور کا کہنا تھا کہ وہ صرف عمران خان کو مارنا چاہتا تھا، اس کے ساتھ کوئی اور نہیں ہے ، اس نے اکیلے ہی یہ کام کیا ہے۔
ملزم کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پر حملہ اس لیے کیا کہ اذانیں ہو رہی تھیں اور ڈیک لگائے ہوئے تھے، شورکر رہے تھے، میرے ضمیر نے گوارا نہیں کیا۔
حملہ آور نے مزید بتایا کہ جس دن سے لانگ مارچ لاہور سے چلا اس دن سے اس نے حملہ کرنے کا سوچ لیا تھا۔



















