وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت چیزوں کو درست سمت میں طے کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ایشیائی انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے صدر سے ورچوئل ملاقات ہوئی جس میں جنیوا میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر خزانہ نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر بینک اور پاکستان کے درمیان گہری دوستی کو اجاگر کیا جبکہ وزیر خزانہ نے صدر اے آئی آئی بی کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صدر اے آئی آئی بی کو 2023 میں پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
یہ بھی پڑھیں؛ پاکستان اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،اسحاق ڈار
اسحاق ڈار نےکہا کہ حکومت چیزوں کو درست سمت میں طے کرنے پر توجہ دے رہی ہے، حکومت معاشی ترقی کے لیے تمام شعبوں میں اصلاحات متعارف کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ حکومت کے عملی اقدامات کی بدولت ملک ترقی وخوشحالی کی منازل طے کر رہا ہے۔
ملاقات میں بینک کے صدر نے پاکستان کیساتھ تعلقات کی تعریف کی جبکہ بینک کے صدر نے بہترین رکن ہونے پر پاکستان کو بھی سراہا۔



















