پن بجلی کی پیداوار میں 90 فیصد کمی کے باعث بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے اور ملک بھر میں 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔
ذرائع کے مطابق تربیلا ڈیم کے بجلی پیدا کرنے والے 15 یونٹ بند ہوگئے ہیں جبکہ تربیلا ڈیم کے صرف 2 یونٹ بجلی پیدا کررہے ہیں اور تربیلہ ڈیم سے صرف 250 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
تربیلا چوتھا توسیعی منصوبے بھی بند ہوگیا ہے، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے 1450 میگاواٹ بجلی پیدا نہیں ہورہی ہے جبکہ تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج پانچ ہزار میگاواٹ واٹ رہ گیا ہے۔
تربیلا ڈیم میں بجلی کی پیداوار 4 ہزار 928 میگاواٹ ہے جبکہ منگلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار 200 میگاواٹ ہے اور منگلا ڈیم میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 1 ہزار میگاواٹ ہے۔
ذرائع کے مطابق منگلا ڈیم میں صرف ایک یونٹ بجلی پیدا کررہا ہے جبکہ منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج 4 ہزار کیوسک ہے اور پن بجلی کی کمی سے بجلی کا شارٹ فال چار ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث ملک بھر میں چھ گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔



















