وزیراعظم شہباز شریف کا کویت کے وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الجابر الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے وزیراعظم سے کلائمیٹ ریسیلینٹ پاکستان کانفرنس پر گفتگو کی اور کانفرنس میں کویت کو اعلیٰ سطح کی نمائندگی کی دعوت بھی دی۔
اس موقع پر کویت کے وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الجابر الصباح نے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پاکستان کی کاوشوں کی حمایت کی یقین دہانی کروائی اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں وسعت کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف نے کویت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے عزم اور کثیرالملکی فورمز میں پاک کویت تعاون پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی افرادی قوت کی بھرتی کے لیے کویت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے رابطے برقرار رکھنے، باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے، پاکستان اور کویت تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مزید وسعت دینے کے عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق بھی کیا۔
جاری کردہ اعلامیے نے مطابق گفتگو میں کہا گیا کہ کویت 100،000 سے زیادہ پاکستانیوں کی میزبانی کرتا ہے جو دونوں ممالک کی ترقی اور پیشرفت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔



















