امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کو شرم نہیں آتی، قوم کو کہتے ہیں مزید بوجھ کیلئے تیار ہوجاؤ۔
جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تمام قومی اداروں کو تباہ کردیا ہے، آصف زرداری، نواز شریف اور عمران خان ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہیں۔
ڈار صاحب! ڈالر کو پر لگ گئے ہیں
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے کہا تھا ڈالر کو200 روپے تک لاؤں گا، ڈار صاحب! ڈالر کو پر لگ گئے ہیں، آپ کے کیسز تو ختم ہو گئے ہماری کرنسی گر گئی، کرنسی کو پر لگے ہیں روپیہ کاغذ کا ٹکڑا بن گیا ہے۔
حکمرانوں نے عوام کو مایوسی کے اندھیرے میں دھکیل دیا
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پولٹری فارم کا کام کرنے والے رو رہے ہیں، مرغی کے گوشت کی قیمت میں اتنا اضافہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔
سراج الحق نے کہا کہ لاہور میں آٹا 160 روپے کلو ہو گیا ہے، عوام سے کہتے ہیں بغیر چینی کے چائے پیو 2کی جگہ ایک روٹی کھاؤ، حکومت کو شرم نہیں آتی کہتی ہے مزید بوجھ کے لیے تیار ہوجاؤ۔
انکا کہنا ہے کہ حکومت کی وجہ سے 70لاکھ بچے نشے کی لت میں مبتلا ہوچکے ہیں، نشے کا عادی نوجوان زندہ لاش ہوتا ہے، حکمرانوں نے عوام کو مایوسی کے اندھیرے میں دھکیل دیا۔
حکومت میں آئے تو آئی ایم ایف سے قرض لینے کی ضرورت نہیں ہوگی
انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں موقع ملا تو سودی نظام ختم کر دیں گے، کے پی حکومت پر نو سو ارب روپے کا قرضہ ہے اگر موقع ملا تو عوام کی خدمت کروں گا، اگر حکومت میں آئے تو آئی ایم ایف سے قرض لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں؛ ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں عوام کی جان مال اور عزت محفوظ ہو، سراج الحق
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ظالم لوگ ہیں ان کی بلیوں کی خوراک فرانس سے آتی ہے، کتوں کے شیمپو باہر سے آتے ہیں ان کے لئے کتے بلیوں کےلئے اہمیت ہے عوام کی نہیں ہے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ اگر جماعت اسلامی کو موقع ملا تو کرپٹ حکمرانوں کو اڈیالہ اورکوٹ لکھپت جیل میں ڈالیں گے، نوجوانوں کے لئے بےروزگاری الاؤنس، بڑھاپا الاؤنس اقتدار میں آکر دیں گے۔



















