آج ہم آپ کو بتائیں گے کے 2023 کیلئے کی گئی پاسپورٹس کی عالمی درجہ بندی کی فہرست میں پاکستان کونسے نمبر پر ہے۔
حال ہی میں ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے 2023 کے لیے دنیا کے طاقتور پاسپورٹس کی فہرست جاری کی ہے جس میں جاپان ایک مرتبہ پھر سرفہرست ہے۔
مجموعی طور پر 109 پاسپورٹس کی درجہ بندی کی گئی ہے، فہرست میں جاپان کے بعد سنگاپور اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹ کو دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔
ان ممالک کے شہری 192 ممالک میں ویزا فری انٹری حاصل کرسکتے ہیں۔
جرمنی اور اسپین کو مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رکھا گیا ہے جس کے شہری 190 ممالک میں ویزا فری انٹری حاصل کرسکتے ہیں۔
اٹلی، فن لینڈ اور لگسمبرگ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں جن کے شہریوں کو 189 ممالک میں یہ سہولت دستیاب ہے۔
188 ڈنمارک، نیدرلینڈز، سوئیڈن اور آسٹریا کے پاسپورٹس پانچویں نمبر پر رہے جب کہ پرتگال، آئرلینڈ، فرانس اور انگلینڈ کے پاسپورٹس کے حامل افراد 187 ملکوں میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔
186 ممالک کے لیے سہولت حاصل کرنے والے پاسپورٹس بلجیئم، جمہوریہ چیک، سوئٹزرلینڈ، امریکا، ناروے اور نیوزی لینڈ کے شہریوں کے پاس ہے جب کہ آسٹریلیا، یونان، مالٹا، اور کینیڈا کے پاسپورٹس 185 ممالک کے لیے اس سہولت کے ساتھ فہرست میں 8 ویں نمبر پر رہے۔
پولینڈ اور ہنگری کے پاسپورٹ 183 ممالک کے ساتھ 9ویں، لتھوانیا اور سلواکیہ کے پاسپورٹس 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
کم ممالک میں مفت ویزا کی سہولت
جن خطوں کے شہریوں کو سب سے کم ممالک میں مفت ویزا یا ایئرپورٹ پر ہی ویزا کی سہولت میسر ہے ان میں پہلے نمبر پر افغانستان اور دوسرے نمبر پر عراق کے شہری ہیں۔
جن کو صرف بالترتیب 27 اور 29 ممالک میں یہ سہولت حاصل ہے جب کہ شام کے پاسپورٹ کے حامل افراد صرف 30 ملکوں میں اس سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
پاکستانی پاسپورٹ بدستور چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ ہے جسے ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت 32 ممالک تک محدود ہے جب کہ یمن اور صومالیہ کے پاسپورٹس بالترتیب 5ویں اور چھٹے بدترین قرار پائے۔



















