سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اورایم کیوایم کی الیکشن سےکانپیں ٹانگ رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کےفیصلےکےبعدسب جاگ گئے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ کہ اب گورنرہاؤس سےآرڈیننس نکالنےکی کوشش ہورہی ہے اور اگر غیرقانونی آرڈیننس لائے توعدالت جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد، بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن
دوسری جانب بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت غیرآئینی اقدام کرناچاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں 186 نمبرز پورے کر کے دکھائے ہیں اور عمران خان کی ہدایت پر پنجاب اسمبلی تحلیل کردی گئی اور اب عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی، کابینہ کو مشاورت کیلئے بلایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کامؤقف انتہائی سادہ ہے، مسائل کاحل نئے انتخابات کی صورت میں ممکن ہے، مزید تاخیر کیے بغیر فوری انتخابات کا اعلان کیا جائے۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اہم اجلاس ہوا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں سندھ کی درخواست اور نوٹیفیکشنز پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ کراچی ڈویژن، حیدر آباد اور دیگر اضلاع میں انتخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ کو دوبارہ خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔



















