Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے، پرویزالٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 9واں اجلاس ہوا جس میں چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 5ماہ کی قلیل مدت میں 273 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ استعمال کرنے کا ریکارڈ قائم کیا جبکہ 12 جنوری 2023 تک 273 ارب روپے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت استعمال بھی کئے گئے۔

اس موقع پر پنجاب کابینہ نے چیف سیکرٹری اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جاری ترقیاتی پروگرام کا تسلسل جاری رہنا چاہیئے۔

پنجاب کابینہ نے کہا کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزجاری ترقیاتی پروگرام پر کام کی رفتار متاثر نہ ہونے دیں اور عوام کا پیسہ عوامی فلاحی کاموں پر خرچ ہوتا ہے جبکہ رکاوٹ سے سرکاری وسائل ضائع ہوسکتے ہیں۔

 پنجاب کابینہ نے مزید کہا کہ زیر تکمیل منصوبوں کو مکمل کرنا متعلقہ ادارے اور افسر کی ذمہ داری ہے اور عدلیہ بھی جاری منصوبوں کی تکمیل کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ عمران خان جیسا لیڈر نہیں ملے گا، چودھری پرویز الٰہی

اس موقع پر پنجاب کابینہ نے چیف سیکرٹری اور چیئرمین پی اینڈ ڈی اور ان کی ٹیم کو ترقیاتی بجٹ کے ریکارڈ استعمال پر خراج تحسین پیش کیا۔

پنجاب کابینہ نے بلوچستان کو 21 ہزار میٹرک ٹن گندم دینے کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ صوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے پیٹ کاٹ کر بلوچستان کے بھائیوں کو گندم دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شروع دن سے نیت نیک ہے اور اللہ تعالیٰ نے اچھی نیت کا پھل دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے اور جس کسی کا بھی مسئلہ سنا، حل کرنے کی پوری کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں؛ چودھری پرویز الٰہی کی ماحول دوست ہائبرڈ بسوں کی خریداری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کی سوچ کو لیکر آگے چل رہے ہیں، عمران خان ہمارے قائد اور کھرے لیڈر ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ کابینہ، پنجاب اسمبلی، پولیس، انتظامیہ اور میڈیا ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اس موقع پر پنجاب کابینہ نے میانوالی کوڈویژن کا درجہ دینے کی مشروط منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یونین کونسلوں کی حد بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد میانوالی کو ڈویژن کا باقاعدہ درجہ دیا جائے گا۔

 جام پور کو ضلع کا درجہ دینے کی مشروط منظوری دے دی گئی جبکہ داجل او رمحمد پور کو جام پور کی نئی تحصیلیں بنانے کی مشروط منظوری بھی دے دی گئی۔

 جام پور کو ضلع بنانے کے لئے مرحوم ایم این اے سردار جعفر خان لغاری کی کاوشوں اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تلہ گنگ کے علاقے ملتان خورد کوتحصیل بنانے کی مشروط منظوری دی گئی۔

پنجاب کابینہ نے کہا کہ یونین کونسلوں کی حد بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد جام پور کو ضلع اور داجل، محمد پور اور ملتان خورد کو تحصیل کا باقاعدہ درجہ دیا جائے گا۔

میانوالی سے داؤد خیل تک 36 کلو میٹر طویل سڑک کو سی پیک انٹر چینج سے منسلک کرنے کی منظوری دی گئی۔

میانوالی میں 33 کلو میٹر طویل لکی تھامے والی روڈ کو سی پیک انٹرچینج سے منسلک کرنے کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں؛ سرمایہ کاروں کی انوسٹمنٹ کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، چودھری پرویز الٰہی

اقلیتی قیدیوں کے لئے مذہبی تعلیم مکمل کرنے پر سزا میں معافی کی منظوری دی گئی۔

ٹیوٹا کورسز کرنے و الے قیدیوں کو سزا میں معافی دینے کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔

جیل وارڈنز کی منظورشدہ اڑھائی ہزار آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔

پنجاب تھیلے سیمیا اینڈ جینٹک ڈس آرڈر، پری ونشن اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔

جی او آرمیں سرکاری رہائشگاہوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔

لاہور ہائی کورٹ کی عمارت کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئے فنڈز کی منظوری ی گئی۔

لاہور ہائی کورٹ میں سائلین اور بزرگ وکلاء کے لئے لفٹ نصب کرنے کے فیصلے کی بھی منظوری دی گئی۔

فیصل آباد میں نئے کورٹ رومز کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔

محکمہ پراسیکیوشن اور ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز کے افسروں اور ملازمین کے لئے 100 فیصد خصوصی الاؤنس کی منظوری دی گئی۔

محکمہ خوراک میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر، فوڈ انسپکٹر اور فوڈ سپروائزرز کے لئے بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، شیخوپورہ، تلہ گنگ او ردیگر بار ایسوسی ایشنز کے لئے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی۔

پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔

پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگری کلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر کے تقرر کے لئے قواعد وضوابط اور سرچ کمیٹی کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں؛ معاشرے کی ترقی کے لئے معاشی و سماجی انصاف ضروری ہے، چودھری پرویز الٰہی

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، تمام سیکرٹریز، کمشنرز، آرپی اوز اور ضلعی انتظامیہ کا بھرپور تعاون پر تہہ دل سے مشکور ہوں۔

چودھری پرویز الٰہی نے خاتم النبینؐ یونیورسٹی کے قیام پر کابینہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پنجاب کابینہ نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی فلاح عامہ کے لئے خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیشہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا ہے اور عمران خان کے ساتھ آپ چٹان کی طرح کھڑے رہے۔

اجلاس میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی جبکہ صوبائی وزراء راجہ بشارت، مراد راس، لطیف نذر، ڈاکٹر افضل اور دیگر ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ خبریں