کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے ایلیمنٹری گورنمنٹ گرلز اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کرلیا ہے۔
اس موقع پر پولنگ اسٹیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی والوں اپنے حق کیلئے نکلو اور “ترازو” پر مہر لگاؤ۔
جماعت اسلامی کو حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات ہیں
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی نے براہ راست انتخابات کی مخالفت کی، ان کی ملی بھگت سے حلقہ بندیاں ہوئیں، میئرکے براہ راست انتخابات ہوتے تو یہ سب نہ ہوتا۔
نعیم الرحمان نے کہا کہ ایم کیوایم نے کراچی کے مینڈیٹ کی سودے بازی کی، جماعت اسلامی کو حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات ہیں، ایم کیوایم کی پوری کوشش تھی بلدیاتی انتخابات نہ ہوں، ایم کیوایم نے مہاجروں کیلئے کچھ کیا ہوتا تو بائیکاٹ نہ کرتے۔
عوام میں خوف وہراس پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے
انکا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کےتعاقب کے بعد ایم کیوایم نے میدان چھوڑ دیا، پورے شہر میں انتخابات پرامن طریقے سے جاری ہیں، مجموعی طور پرامن وامان کی صورتحال بہتر ہے، بعض مقامات پر سازش کر کے کیمپوں کو جلایا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پرائیویٹ گارڈز رکھ کر مرضی کے نتائج حاصل کرنے کی کوشش ہورہی ہے، رات ڈیڑھ بجے تک کوشش کی گئی انتخابات نہ ہوں، کراچی دشمن عناصر بےنقاب ہورہے ہیں، عوام میں خوف وہراس پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے قبل دھاندلی کی ویڈیوز سامنے آگئیں
انہوں نے کہا کہ رینجرز، فوج ودیگر ادارے ایکشن لیں، کوئیک رسپانس فورس کو پولنگ اسٹیشنز کے باہر موجود ہوناچاہیے، معلوم دہشتگردوں کو فوری طور پر فکس کرنے کی ضرورت ہے، رینجرز اور فوج کی پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔
جماعت اسلامی بڑے مارجن سے جیتے گی
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پولنگ عملہ وقت پر نہ پہنچنے کی اطلاعات ہیں، بہت سے پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل شروع نہیں ہوسکا، جہاں پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی انکا وقت بڑھایا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام جماعت اسلامی کو منتخب کرینگے، جماعت اسلامی بڑے مارجن سے جیتے گی، بلدیاتی انتخابات کیلئے سب گھروں سے نکلیں۔
