Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان نے ساری پارٹیوں کو چاروں شانے چت کردیا ہے، شیخ رشید

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ  عمران خان نے ساری پارٹیوں کو چاروں شانے چت کردیا ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کو جہاں پہنچا دیا ہے وہاں سے نکالنا اب کوئی آسان کام نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مارچ اپریل تک حالات اتنے سنگین ہوجائیں گے کہ اپنے حق کے لیے لوگ سڑکوں پر ہونگے اور صرف جلد الیکشن ہی ان سب کا واحد حل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 1.1 ارب ڈالر کا قرضہ روک دیا ہے، ایل سی کھل نہیں رہیں، پورٹ سے مال چھوٹ نہیں رہا اور غریب آٹے کے تھیلے کیلئے مر رہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ اس ملک میں غریب کے لیے تکلیف اور اپنے کیسز میں ریلیف ہے، ملک ٹیکنیکلی ڈیفالٹ ہوگیا ہے اور آئی ایم ایف کھٹائی میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے سپریم کورٹ سے اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے گا اور آئندہ حکومت میں انکا کلیدی کردار ہوگا۔

 اپنے ایک اور پیغام میں سابق وزیر داخلہ نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے استعفوں کی منظوری پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے اسمبلیوں میں جانے کا نام لیا توان کے چھکے چھوٹ گئے اور جو اسپیکر کہتا تھا کہ میں ایک ایک کا استعفیٰ منظور کروں گا اس نے 35 استعفے منظور کر کے ن لیگ کی خوفزدہ قیادت کو بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے 35 ممبروں کا استعفیٰ الیکشن کمیشن سے منظور کروا کے خود کو مزید گندہ بنادیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس طرح ملک تباہی کی طرف جارہا ہے اگر بروقت قدم نہ اٹھایا تو یہ ملک بدنظمی اور معاشی تباہی کی طرف چلا جائے گا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ حکمران جو مرضی چال چل لیں حالات کی سنگینی ایسی ہے کہ الیکشن کےسوا کوئی چارہ نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں