Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

استعفیٰ عام انتخابات کی راہ ہموار کرنے کیلئے دیا تھا وہ منزل اب قریب ہے، فواد چوہدری

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے استعفیٰ عام انتخابات کی راہ ہموار کرنے کیلئے دیا تھا وہ منزل اب قریب ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر رہنما پی ٹی آئی نے ممبران قومی اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر بات کی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ممبران اسمبلی کے استعفوں کو عدالت میں چیلنج کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ہے کیونکہتمام اراکین نے استعفیٰ ملک میں عام انتخابات کی راہ ہموار کرنے کیلئے دیا تھا وہ منزل اب قریب ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت 64% نشستیں خالی ہو چکی ہیں جبکہ پنجاب اورخیبرپختونخواہ میں عام انتخابات کا ڈھول بج چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرکز سندھ اور بلوچستان میں انتخابات چند ہفتوں کی دوری پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کو نئے چیلنجز دیں گے، فواد چوہدری

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کے بغیر آئی ایم ایف پروگرام میں جانا تباہ کن ہوگا اور ایسا کیا گیا تو سیاسی عدم استحکام بڑھے گا اور صورتحال خراب ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام میں مایوسی بڑھتی جا رہی ہے اور عام انتخابات پاکستان کے بحران کا واحد حل ہیں۔

اپنے ایک اور پیغام میں نگراں وزیراعلیٰ کے معاملے پر فواد چوہدری  کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 224-A کے مطابق الیکشن کمیشن دو دن کے اندر ان چار ناموں میں سے کسی ایک کو وزیر اعلیٰ نامزد کرے گا جو پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے کمیشن کو بھیجے جائینگے۔

 

انہوں نے بتایا کہ کمیشن اپنی طرف سے نام نہیں دے سکتا ہے، امید ہے الیکشن کمیشن شریف اور زرداری کے فرنٹ مین کی بجائے بہتر نام کا انتخاب کرے گا۔

متعلقہ خبریں