Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان کی سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے گھناونے فعل کی مذمت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے گھناونے فعل کی پرزور مذمت کی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سویڈن میں احتجاج کے دوران قرآنِ کریم نذرِ آتش کیے جانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ گزشتہ برس مارچ میں ہماری حکومت کی کاوش کے نتیجے میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسلاموفوبیا کے انسداد کے عالمی دن کے حوالے سے او آئی سی کی تائید  سے تاریخی قرارداد منظور کی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اس قرارداد کے ذریعے اقرار کیا گیا کہ اسلام اورشعائرِ اسلام کیخلاف نفرت انگیز اقدامات کو آزادی اظہار کا تحفظ حاصل نہیں۔

چوہدری پرویز الہیٰ کی مذمت

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گستاخانہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی بے حرمتی کا واقعہ بدترین اورانتہائی دل آزاری والا فعل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہذب معاشرے میں ایسے افسوسناک واقعے کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں الہامی کتاب کی بے حرمتی کے واقعے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

انکا کہنا ہے کہ قرآن کریم کا احترام ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، آزادی اظہار کی آڑ میں ایسا واقعہ ہرگز برداشت نہیں۔

پرویز الہیٰ نے کہا کہ کیا اربوں مسلمانوں کی دل آزاری کر کے ہی آزادی اظہار کے تقاضے پورے ہوتے ہیں، سویڈن کے اس اقدام سے دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں کسی کو مذہبی جذبات مجروح کرنے کی اجاز ت نہیں ہونی چاہیے، کوئی بھی مسلمان قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے کسی صورت برداشت نہیں کرسکتا۔

متعلقہ خبریں