Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان ایک بار پھر بھاری اکثریت سے ملک کے وزیراعظم ہوں گے، شاہ محمود قریشی

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان ایک بار پھر بھاری اکثریت سے ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت پر گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے اور امپورٹڈ حکمران اقتدار کو طول دینے کیلئے حیلے بہانے کررہے ہیں جبکہ ناکام نظام کو بچانے کیلئے غیر آئینی ہتھکنڈے بھی استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو جس ایجنڈے کے تحت ذمہ داری سونپی گئی وہ اسی ایجنڈے کے تحت کام کررہے ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کے ووٹ سے بچنے اور نام نہاد اپوزیشن لیڈر کو بچانے کیلئے ہمارے اراکین کے استعفے منٹوں میں منظور کئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر صاحب سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے باقی اراکین اسمبلی کے استعفے بھی منظور کئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں؛ پیرحسنات شاہ کی پی ٹی آئی میں شمولیت اچھا اضافہ ہے،شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فوری اور شفاف الیکشن ملک کی ضرورت بن چکے ہیں جبکہ حکمران الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی لٹیروں کو کلین چٹ دی جارہی ہے، حکمرانوں نے 11 سو ارب روپے کی چوری کی، حکمران اپنے خلاف کرپشن کے مقدمات ختم کرنے کیلئے اقتدار کو طول دینا چاہتے ہیں جبکہ قوم بھی دیکھ رہی ہے کہ قومی مجرموں کے کرپشن کے مقدمات بتدریج ختم ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اقتدار سے الگ کرکے لٹیروں کو این آر او دیکر کلین چٹ دی جارہی ہے جبکہ عمران خان نے این آر او دینے سے انکارکیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف صحت کی خرابی کا بہانہ بنا کر ملک سے باہر گئے، ان کی صحت پتہ نہیں ٹھیک ہوئی یا نہیں ہوئی لیکن

ان کے بھائی ملک کے وزیراعظم بن گئے اور بھتیجا پنجاب کا وزیراعلیٰ رہا۔

یہ بھی پڑھیں؛ پی ڈی ایم کے پاس پاکستان کیلئے بڑے فیصلے لینے کا مینڈیٹ نہیں ہے، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خاندان کے افراد کے کرپشن کے مقدمات ختم ہوتے جارہے ہیں جبکہ نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے قانونی رکاوٹیں بھی دور کی جارہی ہیں اور جلد ہی ایک سزا یافتہ شخص کو پروٹوکول کے ساتھ وطن واپس لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے مشکل وقت میں اقتدار سنبھالا جبکہ اس وقت قومی خزانہ خالی اور ملک مشکل حالات میں تھا لیکن عمران خان نے سخت فیصلے کئے اور نامسائد معاشی حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو احساس پروگرام اور احساس صحت کارڈ کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جبکہ موجودہ حکومت نے صحت کارڈ کو ختم کرنے کی کوشش کی اور اب تو صحت کارڈ کے بجٹ کو بھی کم کردیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کو عوام کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، ہمارے دور حکومت میں 55 روپے کلو والا آٹا آج 155 روپے میں بھی ناپید ہے، قوم آٹے کے حصول کیلئے لائنوں میں خوار ہو رہی ہے اور اور یہ سب کچھ نااہل حکمرانوں کی نااہلیت کی وجہ سے ہو رہا ہے لیکن حکمران اقتدار کو طول دینے میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالہ دور حکومت کی مہنگائی کا 8 ماہ کی پی ڈی ایم حکومت کے دور کی مہنگائی کا موازنہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں؛ امپورٹڈ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں کی کارکردگی کی بدولت ان کی مقبولیت روز بروز گر رہی ہے جبکہ عمران خان کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے، جلد اور شفاف الیکشن کروانا ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ جنرل الیکشن میں پاکستان کی عوام ملک کو بحرانوں میں ڈالنے والے ٹولہ کو مسترد کرے گی اور مہنگائی کے ذمہ دار پی ڈی ایم حکمرانوں کو بری طرح مسترد کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں؛ ملک کی معاشی صورتحال کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام کی امید ایک بار پھر عمران خان ہیں اور عمران خان ہی ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال کر ایک مرتبہ پھر ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت تحریک انصاف اور عمران خان کا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عمران خان ایک بار پھر بھاری اکثریت سے ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔

متعلقہ خبریں