Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عہدے کا حلف اٹھالیا

الیکشن کمیشن نے محسن رضا نقوی کو بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تقرر کردیا جب کہ گورنر پنجاب نے ان سے حلف لیا۔ 

تفصیلات کے مطابق محسن نقوی کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے محسن نقوی سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف لیا۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آرٹیکل 224 اے کے تحت محسن رضا نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقرری کی۔

چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ارکان نے محسن رضا نقوی کے نام کی متفقہ طور پر تقرری کی۔ محسن رضا نقوی کا نام اپوزیشن کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقرری کا نوٹیفیکیشن کچھ دیر میں جاری کرے گا جو کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، صدر مملکت اور وزیر اعظم کو بھی بھجوایا جائے گا۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے بھجوائے چاروں ناموں کا جائزہ لیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن کو چاروں نامزد امیدواروں کا تفصیلی پورٹ فولیو فراہم کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے 20 جنوری کی رات نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری کا معاملہ الیکشن کمیشن بھجوایا تھا۔

حکومت کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے تجویز کیے گئے تھے۔

اپوزیشن کی جانب سے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے نامزد کیا تھا۔

متعلقہ خبریں