اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی نے بول نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر الیکشن کے لیے تیار نہ ہوتے تو اسمبلیاں تحلیل نہ کرتے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا تحریک انصاف کا گڑھ ہے، دو دفعہ صوبے میں حکومت بنا چکے ہیں اور اب تیسری مرتبہ صوبے میں حکومت بنا کر ریکارڈ بنائے گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی تحلیل ہو چکی ہے اب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے 90 دن میں انتخابات کرائیں اور اگر 90 دن میں الیکشن نہ ہوئے تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں؛ ملکی معیشیت تباہ ہو رہی ہے، مشتاق غنی
مشتاق غنی نے کہا کہ صوبائی صدر پرویز خٹک نے امیدوران سے 25 تاریخ تک درخواستیں طلب کی ہیں، پارلیمانی بورڈ صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا انتخاب کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے لیے کافی ہوم ورک کیا ہوا ہے، الیکشن میں دبنگ طریقے سے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر استعفوں کے حوالے سے بلیک میلنگ کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ ہم نے ثابت کیا کہ ہم پر سیلکٹیڈ ہونے کا الزام درست نہیں، مشتاق غنی
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے، عوام آٹے کے لیے ترس رہے ہیں۔
اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی نے مزید کہا کہ ملک کی بہتر مفاد کے لیے الیکشن کرانا ناگزیر ہے، ملک میں جلد سے جلد انتخابات کرائے جائیں تاکہ معیشت بہتر ہو جائے۔



















