Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آتے ہی متنازعہ تعیناتیاں شروع کردیں

محسن نقوی کے بارے میں عمران خان کے خدشات درست ثابت ہونے لگے، نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آتے ہی پنجاب میں متنازعہ تعیناتیاں شروع کردیں۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے آئی جی پنجاب، چیف سیکریٹری، سی سی پی او لاہور تبدیل کردیے گئے۔

عثمان انور کو آئی جی پنجاب اور  زاہد اختر زمان کو چیف سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے جبکہ زاہد اختر زمان نے چیف سیکریٹری پنجاب کے عہدے کا چارج بھی سنبھال لیا ہے۔

اس کے علاوہ سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو عہدے سے ہٹا کر بلال صدیق کمیانہ کو لگادیا گیا جبکہ بلال صدیق کمیانہ 25 مئی کو بھی سی سی پی او لاہور تھے۔

واضح رہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی جی، چیف سیکریٹری کے تبادلوں سے قبل الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی محسن نقوی کو تبادلوں کی کھلی چھوٹ

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے پنجاب میں اعلیٰ سطح پر تبادلے کیے گئے جس کی الیکشن کمیشن نے ان کو تبادلوں کی کھلی چھوٹ دے رکھی تھی۔

ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو سی سی پی او لاہور سے تبادلے سے قبل از وقت آگاہ کیا گیا اور الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کے تبادلوں کی اجازت دی گئی۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا تھا کہ کسی بھی تقرری یا تعیناتی سے قبل الیکشن کمیشن کی اجازت لینا ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 230 کے تحت تبادلوں پر پابندی عائد کی تھی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نگران حکومتوں کو 22 جنوری کو گائیڈ لائنز جاری کی تھیں۔

متعلقہ خبریں