پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ جو ملک چوروں کے حوالے ہوگا اس ملک میں نظام کس طرح چل سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بول نیوز سے بات کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہے اور اپوزیشن لیڈر لمبی تان کرسویا ہوا ہے اور جس نے کبھی مہنگائی پر کبھی بات نہیں کی اس سے کیا مشاورت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے مرضی کااپوزیشن لیڈر بیٹھا رہے، مرضی کا نگراں سیٹ اپ لایا جائے اور مرضی کے لوگ بیٹھیں جو الیکشن میں دھاندلی کریں۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے متنازع فیصلہ کیا تو انکی ساکھ بالکل ختم ہوجائے گی، فرخ حبیب
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا استعفے واپس لینے کا مقصد اپنا اپوزیشن لیڈر لانا ہے لیکن کل حکومت نے اسمبلی کو تالے لگا دیےگھر کے باہر پولیس کھڑی کردی۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ جس اسمبلی سے40 سے 50 فیصد اراکین نکل جائیں اسکی کیاحیثیت ہے اس موقع پر تو ملک میں فوری انتخابات کا شیڈول آنا چاہیے ۔
اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئین میں درج قائد حزب اختلاف کی تشریح آج دفن ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسا قائد حزب اختلاف چاہیے تھا جو انگوٹھا لگا سکے، ایسا بندہ چاہیے تھا جو حکومت کا ایجنڈا آگے بڑھا سکے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ قانونی چارہ جوئی اور عوام کو متحرک کریں گے۔ آئین میں درج قائد حزب اختلاف کی تشریح آج دفن ہوگئی، حکومت نے نگراں سیٹ اپ کو دفن کردیا ہے۔



















