Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا معاملہ، سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر پی ٹی آئی نے سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسیمبلی خرم شیر زمان شہزاد قریشی راجہ اظہر شاہنوازجدون اور دیگر نے سندھ اسمبلی میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر قرارداد جمع کرادی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کی تقرری، تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن آفس کے باہر احتجاج

اس حوالے سے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے محسن نقوی کو اپنا بچہ کہا ہے  جو کبھی بھی نیوٹرل نہیں ہو سکتا  ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک پی ڈی ایم کا نہیں ہمارا ملک ہے  اور ہم محسن نقوی کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہیں۔

قرارداد کا متن:

محسن نقوی ایک غیر جانبدار شخص نہیں ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سید محسن رضا نقوی کی پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے طور پر تقرری کی سخت مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے حکومت کی تبدیلی کے آپریشن میں اہم کردار ادا کیا تھا،جس نے اپریل 2022 میں ایک وسیع سازش کے ذریعے سابق وزیر اعظم عمران خان کو معزول کر دیا تھا، وہ ایک اہم سہولت کار تھے جنہیں آصف علی زرداری استعمال کر رہے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اس طرح یہ ایوان بجا طور پر پوچھتا ہے کہ محسن نقوی کیسے غیر جانبدار ہوسکتے ہیں، یہ تقرری سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف ای سی پی کی مسلسل الزام تراشیوں کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

یہ ایوان اس ملک میں کہیں بھی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کے لیے ای سی پی کی دیانتداری اور سرد مہری پر سوال اٹھاتا ہے۔

عوامی ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ محسن نقوی نے قومی احتساب بیورو کے ساتھ رضاکارانہ واپسی کا معاہدہ کیا ہے، جس کی وجہ سے وہ نگراں وزیر اعلیٰ کے عہدے سے نااہل ہو جاتے ہیں۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے سوموٹو کیس نمبر 17/2016 کے فیصلے کے مطابق رضاکارانہ واپسی کے کیس میں کوئی شخص وفاقی یا صوبائی سطح پر اور نہ ہی کسی ریاستی ادارے میں کوئی عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔

یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ یا تو مسٹر نقوی استعفیٰ دیں یا انہیں فوری طور پر نگراں چیف کے عہدے سے ہٹا دیا جائے۔

متعلقہ خبریں