Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک الیکشن کے بجائے تشدد کی راہ پر چل پڑا ہے، اب فیصلے سڑکوں پر ہونگے، شیخ رشید

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک الیکشن کے بجائے تشدد کی راہ پر چل پڑا ہے اور اب فیصلے سڑکوں پر ہونگے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا کام پرچے کروانا نہیں الیکشن کروانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس اقدام سے حکومت کے ارادے واضع ہوگئے ہیں اور عوام کو بھی سمجھ جانا چاہیے کہ یہ الیکشن نہیں کچھ اور کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کا مطالبہ کرنے والے الیکشن پر جانے کے لیے تیار نہیں ہیں لیکن نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے والےعنقریب قوم کے احتساب کی بھینٹ چڑھیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک جام ہے اور حکومت کا کام تمام ہے جبکہ سیاسی، اقتصادی، معاشی اور توانائی کا بحران حکومت کے گلے پڑنے والا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن ان 13 جماعتوں کی سیاسی موت ہے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری میں الیکشن کمیشن سیاسی فریق بن گیا لیکن فواد کی گرفتاری چلتی پر پیڑول کا کام کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اب ملک الیکشن کے بجائے تشدد کی راہ پر چل پڑا ہے جس کے بعد  فیصلے سڑکوں پر ہوں گے ، آئی ایم ایف کی شرائط سے پہلے گرفتاریوں کا دور شروع ہوگا جس کے بعد جام حکومت کا سڑکوں پر کام تمام ہوجائے گا۔

اسکے علاوہ اپنے ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ 90 دنوں میں 2 صوبائی اسمبلیوں میں الیکشن ہونے جارہے ہیں اور الیکشن کمیشن سیاست دانوں پر پرچے کٹوا رہا ہے جو اس کا کام نہیں ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ اپنی ساکھ کو اتنا نہ گرائے کہ قوم کا الیکشن سے اعتبار اٹھ جائے، قوم کو الیکشن کی طرف جانے دیا جائے ورنہ قوم سڑکوں پر فیصلہ کرے گی۔

متعلقہ خبریں