پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے محسن رضا نقوی کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کی تعیناتی سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کر دی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے بطور سیاسی جماعت اور اسد عمر نے بطور سیکرٹری درخواست دائر کی۔
تحریک انصاف نے محسن نقوی کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی#BOLNews #MohsinNaqvi pic.twitter.com/hXKF9L1mnd
— BOL Network (@BOLNETWORK) January 27, 2023
تحریک انصاف کی جانب سے محسن نقوی کو بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کام کرنے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
تحریک انصاف نے راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا نوٹیفکیشن بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبر بابر حسن بھروانہ اور اکرام اللہ خان کی تعیناتی غیر آئینی قرار دی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ محسن نقوی کا نگراں وزیر تعیناتی کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے اور ان کو بطور وزیر اعلیٰ جانبدار قرار دیا جائے۔
شیخ رشید نے بھی محسن نقوی کی تقرری چیلنج کردی
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی۔
شیخ رشید نے ایڈوکیٹ سردار عبد الرازق ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے عدالت سے محسن نقوی کی تقرری کو غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی۔
درخواست میں شیخ رشید نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ محسن نقوی اپوزیشن مخالف اور حکومتی مددگار کے طور پر سامنے آئے، محسن نقوی پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے آپریشن کے اہم کردار ہیں۔
شیخ رشید نے اپنے مؤقف میں کہا کہ محسن نقوی کی موجودگی میں پنجاب میں صاف اور شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے۔
واضح رہے کہ درخواست میں وفاقی سیکرٹری قانون، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور سیکرٹری قانون پنجاب اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
محسن رضا نقوی بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب تعینات
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آرٹیکل 224 اے کے تحت محسن رضا نقوی کی بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقرری کی تھی۔
چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ارکان نے محسن رضا نقوی کے نام کی متفقہ طور پر تقرری کی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں؛ محسن رضا نقوی بطور نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب مقرر
تقرری کے بعد محسن رضا نقوی نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا تھا اور بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب ذمے داریاں بھی انجام دینا شروع کردیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی جانب سے محسن رضا نقوی کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب تعیناتی کو مسترد کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ محسن رضا نقوی کا نام اپوزیشن کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔



















