Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان کی جان کو شدید خطرہ ہے، فرخ حبیب

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی جان کو شدید خطرہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق فرخ حبیب نے زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رات کے اندھیرے میں شیخوپورہ میں ایف آئی آر درج کی گئی، فرخ حبیب کی کوئی عسکری ٹریننگ نہیں ہے، میں توہین عدالت کے حوالے سے آگاہ کر رہا تھا عدالتی حکم بتا رہا تھا، سب کچھ پولیس کے ساتھ مگر میرے ساتھ کچھ نہیں ہوا، ایف آئی آر مضحکہ خیز ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں ہم انتخابات اور آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں، فواد چوہدری کو بغیر وارنٹ اٹھایا گیا شہباز گل اعظم سواتی پر تشدد ہوا، پچھلے 9 ماہ میں جو ہوا وہ آمریت کے دور میں بھی نہیں ہوا، ذمہ داری عدلیہ پر آتی ہے کہ ریاست کے ہر شہری کے حقوق پر عمل درآمد کروایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، لوگ عمران خان پر حملہ کروانا چاہتے ہیں پلان سی بنایا گیا ہے، ان کی سیکیورٹی واپس بلالی گئی ہے، ان کی جان کو کچھ ہوا تو یہ سب ذمہ دار ہونگے، اگر کسی کی جان کو خطرہ ہے تو وہ عمران خان کی جان ہے، ہم موجودہ سیکیورٹی سے مطمئن نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی ہمارے دور میں 16 فیصد تھی تب شہباز شریف مگرمچھ کے آنسو روتے تھے، آج مہنگائی 33 فیصد ہو گئی مہنگائی سو فیصد بڑھ چکی ہے، کیا عمران خان فواد چوہدری کو گرفتار کرنے سے مہنگائی کم ہو گی؟ ملک کو تقسیم نہ کریں اتحاد کی ضرورت ہے، 14 دن گزر گئے نہ پنجاب نہ کے پی اسمبلی کا شیڈول آیا مگر قومی اسمبلی کا شیڈول آگیا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ فوری پنجاب اور کے پی میں انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے، پنجاب اور کے پی کے انتخابات کا معاملہ اب عدلیہ کے پاس ہے، عدلیہ مداخلت کرے اور آئین کی خلاف ورزی روکی جائے، عدالتوں سے وہی انصاف چاہیے جو پہلے دیگر لوگوں کو ملتا رہا ہے۔

پارٹی رہنما نے کہا کہ بات سیاست دانوں سے ہوتی ہے چوروں ڈاکووں سے نہیں، کرپشن کے سائے تلے زرداری، شہباز مولانا سب ایک ہیں۔

 

متعلقہ خبریں