Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لال حویلی کو سیل کرنا فاشزم اور سیاسی دہشت گردی ہے، شیخ رشید

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ لال حویلی کو سیل کرنا فاشزم اور سیاسی دہشت گردی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 5 مرلہ سے کم لال حویلی ہماری ذاتی ملکیت ہے اور اگر یہ ہماری ذاتی ملکیت نہیں تو ہم قومی مجرم ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ رینجرز اور ایف سی سے مدد مانگی لیکن انھوں نے انکار کردیا پھر ایف آئی اے اور پولیس کی مدد سے لال حویلی کو سیل کردیا جس کے لئے ہمیں کوئی نوٹس نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں حکومت پر شب خون مارنے والوں نے لال حویلی پر شب خون مارا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کو سیل کردیا گیا

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں 16 وزارتوں کی چھان بین سے کچھ نہ ملا تولال حویلی پرچڑھائی کردی  جبکہ لال حویلی کی پہلے ہی 15 فروری عدالت میں تاریخ ہے۔

شیخ رشید نے بتایا کہ برطانوی کمپنی لال حویلی پر فلم بنانے جارہی ہےجو ان کو برداشت نہیں ہے۔

اس کے ساتھ ہی سابق وفاقی وزیر نے نے لال حویلی کو سیل کرنے کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے  جس میں پولیس اور ایف آئی اے کی بھاری نفری کو دیکھا جاسکتا ہے۔

متروکہ وقف املاک اور ایف آئی اے اور پولیس کو دس چھوٹی اور کچھ بڑی گاڑیوں میں لال حویلی آتے دیکھا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ راولپنڈی کی جانب سے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کو سیل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے بتایا کہ شیخ رشید اور انکے بھائی شیخ صدیق لال حویلی سمیت وقف املاک کی سات اراضی یونِٹس پر غیر قانونی قابض ہیں۔

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کا کہنا ہے کہ شیخ رشید اور انکے بھائی شیخ صدیق کو متعدد نوٹسز بھیجے گئے ہیں، جس کے بعد بھی یہ کوئی ریکارڈ یا مستند دستاویز پیش نہیں کرسکے۔

آصف خان نے مزید کہا کہ عدالت بھی سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی حکم امتناع کے درخواست خارج کرچکا ہے۔

متعلقہ خبریں